turky-urdu-logo

ترکیہ کی پاکستان سے اظہارِ یکجہتی: بھارت کے حملے کی شدید مذمت، خطے میں امن و استحکام پر زور

ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ: “ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ پیش رفت کو تشویش کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔”

“6 مئی کی رات بھارت کی جانب سے کیے گئے حملے نے خطے میں جنگ کے خطرات کو بڑھا دیا ہے۔ ہم شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے والے ایسے اشتعال انگیز اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔”

“ہم دونوں ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ تحمل سے کام لیں اور کسی بھی قسم کے یکطرفہ اقدامات سے گریز کریں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت ایسے میکانزم قائم کیے جائیں گے جو مستقبل میں ایسے واقعات کو روک سکیں۔ ہم 22 اپریل کے دہشت گرد حملے کی شفاف تحقیقات کے لیے پاکستان کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔”

اس سے قبل ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں انہوں نے بھارت کی جانب سے کی گئی بلااشتعال جارحیت، پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور معصوم شہریوں کی شہادت پر ترکیہ کی جانب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ صورت حال کی سنگینی کے پیشِ نظر قریبی رابطے میں رہیں گے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

Read Previous

یونس امرے انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام استنبول یونیورسٹی میں عبد الرحمن پشاوری کی نایاب تصاویر کی نمائش

Read Next

ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو کی وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات، حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال

Leave a Reply