ترک صدر رجب طیب ایردوان نے ترک جمہوریہ شمالی قبرص (TRNC) کے نئے صدارتی و پارلیمانی کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ترک قبرصی عوام کے اتحاد، خودمختاری اور ترقی کے لیے ترکیہ کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا: "ہمارے نام مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن جب بات قبرص کے مسئلے کی ہو تو ہمارا خاندانی نام ترک جمہوریہ شمالی قبرص ہے۔ ترک قبرصی عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے ترکیہ کے 86 ملین عوام یکساں جذبات اور حساسیت رکھتے ہیں۔ جو لوگ ترک قبرصی عوام کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں، انہیں ترکیہ کی بے مثال یکجہتی کا سامنا کرنا پڑے گا۔”

انہوں نے زور دیا کہ ترکیہ اور ترک قبرصی عوام کا مستقبل ایک ہے، کیونکہ وہ ایک ہی ثقافت، عقیدہ، تقدیر اور تاریخ کے حامل ہیں۔ "ہم ترک قبرصی عوام کے اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، اور صبر، سکون اور دانشمندی کے ساتھ کام کریں گے”۔
صدر ایردوان نے عالمی برادری سے ترک جمہوریہ شمالی قبرص کی خودمختاری کو تسلیم کرنے کی اپیل بھی دہرائی، جیسا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران کیا تھا۔
افتتاحی تقریب میں ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے صدر ارسین تاتار اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
یہ تقریب ترکیہ اور ترک قبرصی عوام کے درمیان مضبوط تعلقات اور قبرص کے مسئلے پر ترکیہ کے دو ریاستی حل کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
