سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غزہ کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ cکو ایک ریڈ لائن قرار دینا ہو گا۔
غزہ کی صورت حال پر بحث کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔ اس اجلاس میں او آئی سی نے عرب منصوبے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اس اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے چند تجاویز پیش کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ “فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو ایک ریڈ لائن قرار دینا ہو گا۔ او آئی سی کو ایسی کسی بھی کوشش کو روکنا ہو گا۔ ہمیں ایک مشترکہ قوت کے طور پر فلسطین کو بچانے کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مسجد الاقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت برقرار رہنی چاہیے اور فلسطینیوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر انسانی امداد فراہم کی جانی چاہیے۔
غزہ میں سیز فائر معاہدے پر مکمل عمل ضروری ہے، اس کے تینوں مراحل پر عمل کرتے ہوئے مستقل امن قائم کرنا چاہیے۔
