ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن کی جانب سے رمضان میں پاکستان کے شہر ٹھٹہ میں راشن کی تقسیم کی گئی۔ راشن پیکٹس میں چاول، آٹا، تیل اور کھجور جیسی غذائی اشیاء شامل تھیں۔ مقامی اداروں کے تعاون سے شہر کے مرکز میں منعقدہ تقریب میں 750 غذائی پیکٹس ضرورت مندوں تک پہنچائے گئے۔
ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن اور ترکیہ دیانت امور کی پریذیڈنسی کے اشتراک سے پاکستان میں جاری امدادی سرگرمیاں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی جاری ہیں۔ اپنے قیام کے 50 ویں سال کا جشن منانے والی ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن اس سال بھی رمضان کی امدادی مہم کے ذریعے خیرات کرنے والوں اور دنیا بھر کے ضرورت مندوں کے درمیان دل کے رشتے مضبوط کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

اس سال رمضان میں "بھائی کو مت بھولیں، آپ ہی کی تو انتظار ہے” کے عنوان سے 81 ممالک اور 417 علاقوں میں امدادی پروگرامز کا انعقاد کرنے والی ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن پاکستان کے 22 شہروں میں 13 ہزار 500 غذائی پیکٹس ضرورت مندوں تک پہنچائے گی۔ اس کے علاوہ پاکستان میں قائم کیے گئے "خیر کے دسترخوان” کے ذریعے 7 ہزار افراد کو افطار کروایا جائے گا۔ رمضان میں 2 ہزار 500 ضرورت مند بچوں کو عید کے موقع پر نئے کپڑے بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
رمضان امدادی مہم کے تحت پاکستان میں ضرورت مندوں کی مدد کرنے والی ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن کے عملے میں "دیریلیش ارطغرل” ڈرامے میں "عثمان بے” کے کردار سے مشہور اداکار اور ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن کے رضاکار امرے اوکتپے بھی شامل ہیں۔

امدادی سرگرمیوں میں شامل فاؤنڈیشن کے نمائندے حسین اورس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے بھائی ملک پاکستان کے ہمیشہ ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ہم آج اپنی قوم کی جانب سے دی گئی غذائی اور انسانی امداد ضرورت مندوں تک پہنچا رہے ہیں۔” تقریب میں قرآن پاک کی تلاوت بھی کی گئی، جس کے بعد پاکستانیوں نے ترکیہ کا شکریہ ادا کیا۔
ترکیہ دیانت فاؤنڈیشن کی یہ مہم نہ صرف رمضان کی روحانی برکتوں کو عام کر رہی ہے بلکہ یہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان محبت اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔
