turky-urdu-logo

لاہور میں اسلامک آرٹ فیسٹیول شروع، ترک گروپ کی طرف سے رقص درویش کا مظاہرہ

لاہور کے تاریخی شاہی قلعے کے شاہی کچن میں اسلامک سنٹر فار آرٹ اینڈ کلچر اور ادارہ علم و فن کی جانب سے پانچ روزہ اسلامک آرٹ فیسٹیول کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب لاہور کے تاریخی شاہی قلعے کے شاہی کچن میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو سمیت متعدد ممالک کے وفود نے شرکت کی۔

تقریب میں ترک گروپ ‘تمام عالم مست’ کی جانب سے مشہور و معروف رقص درویش کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے کہا کہ اسلامی فنون اپنی مثال آپ ہیں ، یہ فنون تمام مسلم ممالک کو آپس میں جوڑتے ہیں۔

انہوں نے ترکیہ اردو سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان ان شعبوں میں تعاون کے ذریعے دنیا بھر کے لیے مثال قائم کرسکتے ہیں۔ ترکیہ اور پاکستان دونوں ایک بھرپور اسلامی تاریخ کے حامل ہیں۔ اس باب میں کئی منصوبوں پر غور کر رہے ہیں۔

تقریب سےربیع القلوب فن پر تاریخی کام کرنے والے نصیر بلوچ نے خطاب میں قرآن پاک کی آیات پر مشتمل فن خطاطی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے۔ اسلامک آرٹ کے ذریعے حقیقت تک نہ صرف رسائی ہوتی ہے بلکہ مسلم دنیا کے روابط بھی پروان چڑھتے ہیں۔

قطر سے سابق سفیر فہد بن محمد نے کہا کہ میں دنیا بھر میں جہاں جاتا ہوں، اسلامی فنون اور آرکیٹیکچر کی وجہ سے اپنائیت محسوس کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں میں بخارا گیا وہاں بھی وہی محسوس کیا جو اس وقت شاہی قلعے کے در ودیودار کے درمیان محسوس کررہا ہوں۔
اسلامک آرٹ فیسٹیول لاہور کے مختلف مقامات پر 25 فروری تک جاری رہے گا، جس میں لاہور میوزیم، این سی اے اور پنجاب یونیورسٹی شامل ہیں

Read Previous

یورپی یونین: شام پر عائد پابندیاں اٹھانے کی طرف مائل

Read Next

حماس نے 6 یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا

Leave a Reply