وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں رجب طیب ایردوان انٹرچینج کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جناح سکوائر کے بعد یہ ایک اور شاندار عوامی منصوبہ ہے جو مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو بڑی سہولت ملے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترکی کے صدر کی آمد پر اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ترک صدر کو اس منصوبے کی ویڈیو اور ایک خط بھیجیں گے اور انہیں یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان اور ترکی برادرانہ ممالک اور بہترین دوست ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ منصوبے کو مجوزہ لاگت سے بھی کم رقم میں مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
