turky-urdu-logo

پاکستان اور روس کے درمیان مال بردار ٹرین سروس جلد شروع ہونے کا امکان

پاکستان اور روس کے درمیان مال بردار ٹرین سروس کا تجرباتی سفر مارچ 2025 سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد خطے میں تجارت کو فروغ دینا اور پاکستان کے تجارتی تعلقات کو روس، ایران سمیت وسطی ایشیائی ممالک ترکمانستان اور قازقستان کے ساتھ مزید مضبوط بنانا ہے۔

پاکستان ریلوے کی ذیلی کمپنی، پاکستان ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی (PRFTC) اس منصوبے کی نگرانی کر رہی ہے۔ PRFTC نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) سے رابطہ کر کے تاجروں سے ان کے مال کی تفصیلات طلب کی ہیں، تاکہ تجرباتی سفر کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔ یہ ٹرین سروس کراچی کی دو بڑی بندرگاہوں، قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل اور پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل سے روانہ ہوگی۔ اس سروس میں 22 ٹن اور 44 ٹن کے کنٹینرز استعمال کیے جائیں گے۔

یہ ریل رابطہ خطے کی تجارت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ تفتان اسٹیشن پاکستان میں سامان کی آمد کا مرکزی مقام ہوگا، جہاں کسٹمز کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

توقع ہے کہ یہ نئی ریل سروس خطے کی تجارتی صورتحال کو بدل دے گی اور پاکستان، ایران، ترکمانستان، قازقستان اور روس کے درمیان مختلف اشیاء کی تجارت کو آسان بنائے گی۔

پاکستان ٹیکسٹائل، خوراک اور زرعی مصنوعات جیسے چاول، گندم اور کپاس برآمد کر سکے گا، جبکہ روس پاکستان کو تیل، گیس، سٹیل اور صنعتی سامان برآمد کرے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور روس نے جون 2024 میں سینٹ پیٹرزبرگ میں ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت دونوں ممالک ریلوے کے شعبے میں تعاون کریں گے۔ یہ منصوبہ اسی معاہدے کا حصہ ہے

Read Previous

انقرہ میں امریکی سفارت خانے کے باہر ہزاروں افراد کا ٹرمپ کے غزہ منصوبے کے خلاف بھرپور احتجاج

Read Next

ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ نوح یلماز کی پیرس میں قطری وزیر سے ملاقات

Leave a Reply