turky-urdu-logo

ترکیہ اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات مزید مضبوط، 11 معاہدوں پر دستخط

 ترکیہ اور ملائیشیا نے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے قیام کا فیصلہ کر لیا۔  صدر رجب طیب ایردوان  اور ملائیشیا کے وزیر اعظم، انور ابراہیم کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں 11 معاہدوں پر دستخط کیے، جن کے تحت تجارت، سرمایہ کاری، اور دفاعی صنعت میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ مشترکہ اعلامیہ میں باہمی تعلقات کو مزید گہرا بنانے اور اقتصادی ترقی کے لیے اقدامات تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

صدر  ایردوان کا کہنا تھا  کہ، ترکیہ اور ملائیشیا ‘وِن-وِن’ حکمت عملی کے تحت تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں متنوع مواقع پیدا کرنے پر متفق ہیں۔ دونوں ممالک نے پہلے 5 بلین ڈالرز  کی دوطرفہ تجارتی ہدف کو عبور کر لیا ہے اور اب اس ہدف کو 10 بلین ڈالرز  تک لے جانے کا عزم کیا گیا ہے۔

صدر ایردوان کا  مزید کہنا تھا  کہ، دفاعی صنعت میں تکنیکی منتقلی اور مشترکہ پیداوار کے منصوبوں کے ذریعے تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے ترکیہ کی مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرک کار ‘ٹوگ’ وزیر اعظم انور ابراہیم کو تحفے میں پیش کی اور امید ظاہر کی کہ، یہ دونوں ممالک کی شراکت داری کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

صدر نے آسیان (ASEAN) میں ملائیشیا کے کلیدی کردار کو سراہا اور 2025 میں اس کی سربراہی پر وزیر اعظم انور ابراہیم کو مبارکباد دی۔

علاوہ ازیں، ترکیہ اور ملائیشیا نے غزہ اور فلسطین کے معاملے پر یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی لحاظ سے مستحکم فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ، فلسطین کی حمایت جاری رکھی جائے گی اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن سفارتی و عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

Read Previous

صدر ایردوان کا ملائیشیا کا دورہ، باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم

Read Next

صدر  ایردوان کا انڈونیشیا کا دورہ، باہمی تعاون کے معاہدوں پر دستخط

Leave a Reply