turky-urdu-logo

موریطانیہ کشتی حادثے میں ملوث عدیل نامی انسانی اسمگلر گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے موریطانیہ کشتی حادثے میں ملوث ایک اہم انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، مظفر گڑھ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران، عدیل احمد نامی اسمگلر کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ، اس نے گجرات کے رہائشی ریحان سے 40 لاکھ روپے لے کر اسے غیر قانونی طور پر پاکستان سے دبئی، ایتھوپیا اور پھر سینیگال پہنچایا، جہاں سے ریحان موریطانیہ پہنچا اور وہاں کشتی حادثے کا شکار ہو گیا۔

یاد رہے کہ 16 دسمبر 2024 کو موریطانیہ کے ساحلی علاقے میں ایک کشتی حادثہ پیش آیا تھا جس میں 50 افراد، جن میں 44 پاکستانی بھی شامل تھے، ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ کشتی اسپین جانے کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ حادثے میں زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں نے انکشاف کیا تھا کہ ،ان پر انسانی اسمگلرز کی جانب سے شدید تشدد کیا گیا۔ مسافروں کو بھوک پیاس سے تڑپتے ہوئے زندہ سمندر میں پھینک دیا گیا اور بعض لڑکوں کو ہتھوڑے مار کر سمندر میں ڈال دیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ، عدیل احمد موریطانیہ حادثے کے بعد سے روپوش تھا اور اس کے خلاف ریحان کے اہل خانہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ ملزم کو گرفتاری کے بعد گوجرانوالہ منتقل کیا جائے گا جہاں اس سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ حکام نے اس بات کا بھی عندیہ دیا ہے کہ، یہ گرفتاری انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں کا حصہ ہے، جو کہ پاکستانی حکام کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر کی جا رہی ہیں۔

Read Previous

پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مقام ہے: وزیر داخلہ محسن نقوی

Read Next

ترک حکومتی جماعت کی ہوٹل میں آگ کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تجویذ

Leave a Reply