ترکیہ کی وزارت توانائی و قدرتی وسائل نے رواں ہفتے اعلان کیا کہ، ونڈ رینیوایبل انرجی ریسورس ایریاز (YEKA) کے ٹینڈرز کے لیے 40 کمپنیوں سے تقریبا100 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ یہ اقدامات 2035 کے اہداف کے مطابق ،قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو وسعت دینے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
YEKA حکمت عملی، جو 2016 میں متعارف کروائی گئی، ترکیہ حکومت کی ایک منفرد پالیسی ہے جس کے ذریعے قابل تجدید توانائی کے منصوبے مخصوص توانائی زونز میں مکمل کیے جاتے ہیں جو ونڈ اور سولر توانائی کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے لیے سب سے زیادہ موزوں ہوتے ہیں۔
وزارت کی طرف سے بدھ کو شیئر کیے گئے ڈیٹا کے مطابق، ایڈیرنے، کرکلاریلی، اور سیواس کے صوبوں میں 1200 میگاواٹ کی ونڈ پاور پلانٹس کے لیے درخواستیں جمع کی گئیں۔ وزارت کے مطابق،YEKA RES-2024 کے تحت کل 1200 میگاواٹ کی پانچ مقابلوں کے لیے 40 کمپنیوں کی جانب سے 100 پیشکشیں موصول ہوئیں۔
ترکیہ نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ، 2035 تک اپنی موجودہ ونڈ اور سولر کی انسٹال شدہ صلاحیت کو تقریبا چار گنا بڑھا کر 1 لاکھ 20 ہزارمیگاواٹ تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا، اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے اجازت نامے کے عمل کو 48 ماہ سے کم کر کے 24 ماہ یا اس سے بھی کم کر دیا جائے گا۔
15 سال پہلے ترکیہ میں ونڈ اور سولر کی انسٹال صلاحیت تقریباصفر تھی، لیکن اب یہ 33 ہزارمیگاواٹ سے تجاوز کر چکی ہے۔
ونڈ انرجی کے لیے نئے YEKA ٹینڈرز نہ صرف ترکیہ کی غیر ملکی توانائی پر انحصار کم کرنے میں مددگار ہوں گے ،بلکہ قابل تجدید ذرائع کی بجلی پیداوار میں شراکت بھی بڑھائیں گے۔
سولر انرجی کے میدان میں بھی اہم پیش رفت جاری ہے۔ 800 میگاواٹ کے YEKA سولر پاور پلانٹ کے لیے درخواستیں 27 جنوری کو وصول کی جائیں گی۔
وزارت نے YEKA ٹینڈرز کے لیے ایک نیا ماڈل لانچ کیا ہے، جو مقامی صنعت کو مضبوط کرنے اور ونڈ انرجی کی نصب صلاحیت میں اضافہ کرنے میں مدد کرے گا۔وزارت توانائی کے مطابق، قانونی طور پر رجسٹرڈ کمپنیوں اور غیر ملکی اداروں سے درخواستیں قبول کی گئی ہیں۔موصول شدہ 100 درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد، بولی کے مقام اور تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
