turky-urdu-logo

صدر ایردوان کا فیملی اینڈ یوتھ فنڈ کی توسیع کا اعلان، 17 ہزار سے زائد درخواستیں موصول

ترکیہ کے صدر، رجب طیب ایردوان نے گزشتہ ہفتے فیملی اینڈ یوتھ فنڈ کی توسیع کا اعلان کیا، جس کا مقصد خاندان کے ادارے کو مضبوط کرنا، نوجوانوں کو سماجی خطرات سے بچانا اور ان کی ترقی میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اس اعلان کے بعد اب تک 17 ہزار 192 جوڑوں نے اس فنڈ کے لیے درخواست دی ہے۔
یہ فنڈ وزارت خاندانی اور سماجی خدمات کے تحت کام کرتا ہے اور شادی کے خواہشمند نوجوان جوڑوں کو سود سے پاک قرض فراہم کرتا ہے۔ صدر ایردوان نے بتایا کہ، اس سہولت کو اب ترکیہ کے تمام 81 صوبوں میں دستیاب کر دیا گیا ہے۔ زلزلے سے متاثرہ صوبوں میں یہ فنڈ 15 فروری 2024 کو شروع کیا گیا تھا، جہاں اس کا خاص طور پر خیر مقدم کیا گیا۔
فنڈ کے تحت شادی کے لیے تیار جوڑوں کو 1 لاکھ 50 ہزار ترک لیرا تک سود سے پاک قرض فراہم کیا جاتا ہے، جس کی واپسی 48 ماہ میں کی جا سکتی ہے، جبکہ ابتدائی دو سال کی ادائیگی موخر رکھی گئی ہے۔ مزید برآں، جوڑوں کو شادی سے پہلے اور بعد میں تربیت اور مشاورت کی خدمات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
درخواست دہندگان کے لیے کچھ شرائط مقرر کی گئی ہیں، جن میں عمر کی حد 18 سے 29 سال ہے، درخواست گزار کا ذاتی یا شراکتی جائیداد نہ رکھنا اور آمدنی کی حد کم از کم اجرت سے دو، تین گنا زیادہ نہ ہونا شامل ہیں۔ جوڑوں کو اپنی شادی کی تاریخ سے کم از کم دو ماہ اور زیادہ سے زیادہ چھ ماہ قبل درخواست دینا ضروری ہے۔
فنڈ کے اعلان کے بعد استنبول، شانلی عرفا اور انقرہ سمیت مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں جوڑوں نے درخواست دی ہے۔ یہ منصوبہ خاص طور پر زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امید کا باعث بن رہا ہے، جہاں ہزاروں افراد اپنی زندگیوں کو دوبارہ سے ترتیب دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Read Previous

شام کو پابندیوں سے آزاد کرا کے معمول کی معیشت کی طرف لانا ہمارا ہدف ہے: حاقان فیدان

Read Next

ہوٹل میں آتشزدگی واقعے پر صدر ایردوان کا اظہار افسوس، قومی سوگ کا اعلان

Leave a Reply