
ترکیہ نے شام کے دوسرے بڑے شہر، حلب میں 13 سال کے وقفے کے بعد اپنا قونصل خانہ دوبارہ فعال کر دیا ہے، جہاں ویزے اور پاسپورٹ سمیت دیگر قونصلر خدمات فراہم کی جائیں گی۔
شام میں خانہ جنگی کے باعث ترکیہ نے جولائی 2012 میں اپنے قونصل خانے کی خدمات معطل کر دی تھیں۔ تاہم، 8 دسمبر 2024 کو بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے اور شام میں نئی سیاسی تبدیلیوں کے بعد ترکیہ نے اپنے سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا۔
12دسمبر کو برہان قوراوعلو کو دمشق میں ترکیہ کا چارج ڈی افیئر مقرر کیا گیا، جبکہ 14 دسمبر کو ترکیہ کا دمشق سفارت خانہ بھی دوبارہ کھول دیا گیا۔
قونصل خانے کی بحالی کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی اور خطے میں استحکام کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ ترکیہ کی جانب سے یہ اقدام نہ صرف تجارتی اور عوامی رابطے بڑھانے میں معاون ہوگا ،بلکہ شام میں موجود ترک شہریوں کے لیے بھی سہولت کا باعث بنے گا۔