روسی وزارت دفاع نے یوکرین میں جاری جنگ کے دوران یوکرین کے گیس اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ، حساس اسلحہ اور ڈرون طیاروں کے ذریعے کیے گئے اس حملے میں تمام اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
روسی وزارت دفاع کے جاری بیان کے مطابق، دونیتسک کے علاقے یوکرائنکا پر قبضہ کر لیا گیا ہے اور فرنٹ لائن پر روسی یونٹوں کی پوزیشنز مزید بہتر کی جا رہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ، روسی مسلح افواج نے یوکرین کی عسکری صنعت کو متاثر کرنے کے لیے کلیدی توانائی کے ڈھانچوں کو ہدف بنایا ہے، جو کہ یوکرینی فوج کے جنگی ساز و سامان کے لیے اہم ہیں۔
وزارت دفاع نے مزید دعوی کیا کہ، جنگ کے آغاز سے اب تک یوکرینی فوج کے 652 طیارے، 283 ہیلی کاپٹر، 40 ہزار 480 ڈرون طیارے، 590 فضائی دفاعی نظام، 20 ہزار 539 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں اور دیگر اہم عسکری ساز و سامان کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
گزشتہ روز روسی وزارت دفاع نے یوکرین کی جانب سے بریانسک کے علاقے پر مغربی ساختہ ATACMS میزائل سسٹم اور اسٹروم شیڈو کروز میزائلوں سے حملے کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ، اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ، امریکہ اور برطانیہ نے گزشتہ سال یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے اسلحے کے ساتھ روسی علاقے پر حملے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سے روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھا گیا۔
