ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے سلووینیا کی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ، یورپی امور کی وزیر تانجا فاجون کے ساتھ ملاقات کی، جو ترکیہ کے دورے پر موجود تھیں۔ یہ ملاقات انقرہ میں ترکیہ-سلووینیا مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے دوران ہوئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون کے مواقع پر بھی بات کی گئی۔ علاوہ ازیں، شام اور غزہ کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیر فیدان نے عالمی برادری سے شام میں تعاون کی اپیل کی اور غزہ میں مستقل جنگ بندی کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ، خطے میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ ترسیل کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
اسی دوران، وزیر فیدان نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایدے سے فون پر بات چیت کی، جس میں شام اور غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
