شانلی عرفا میں اپنی جماعت، جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (AKP) کی آٹھویں عام صوبائی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ ،علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم PKK کے لیے اب خود کو ختم کرنے کے علاوہ کوئی چارہ باقی نہیں رہا۔
صدر ایردوان نے اپنی تقریر میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ، علیحدگی پسند تنظیم نے گزشتہ 40 سالوں میں مختلف منفی سازشیں کیں، لیکن اب یہ گندا کھیل ختم ہو چکا ہے۔ دہشت گرد تنظیموں کے ذریعے خطے کا استحصال کرنے والوں کا دور ختم ہو گیا ہے۔ دہشت گردی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا وقت گزر چکا ہے۔ PKK نے اس سرزمین کو صرف خون، آنسو اور تکلیف دی ہے۔ تشدد کے ذریعے کوئی مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا، اور یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ، دہشت گردی سے کبھی کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلتا۔
ایردوان کا مزید کہنا تھاکہ، وہ ترکیہ اور خطے کو دہشت گردی کے سائے سے مکمل طور پر پاک دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ، خطے میں استحکام، معیشت، تجارت اور انسانیت پر مبنی تعاون کو فروغ دیا جائے، نہ کہ کشیدگی اور عدم استحکام کو۔
اختتام پر صدر ایردوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ، دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور ترکیہ اپنی سرزمین پر امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
