ترکیہ کی دفاعی صنعت "بیکار” نے اٹلی کی 140 سالہ پرانی ایوی ایشن جائنٹ "پیاگو ائیر اسپیس” کو خریدنے کی منظوری حاصل کر لی۔ جمعہ کے روز "اٹلی کی وزارتِ صنعت” اور "میڈ اِن اٹلی” نے "پیاگو ائیر اسپیس کو بیچنے کی منظوری دی”۔
بیکار کے اعلامیے کے مطابق” دُنیا کی سب سے بڑی یو سی اے وی کمپنی بیکار نے 1884 میں قائم ہونے والی ‘پیاگو ائیر اسپیس’ کی خریداری کے لیے متعدد ممالک کی مدِ مقابل کمپنیوں کو شکست دے دی۔ہماری مستقبل کی حکمت عملی میں ‘پیاگو ‘ کے اٹلی میں روزگار کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔”
پیاگو ائیر اسپیس کی تاریخی اہمیت
پیاگو ائیر اسپیس کو ایوی ایشن انڈسٹری میں تاریخی اہمیت حاصل ہے۔ یہ کمپنی بزنس جیٹس بنانے کے حوالے سے مشہور ہے، پیاگو کے مشہور طیاروں میں ” پی 1.8 اوانتی” طیارے شامل ہیں، جو ایوی ایشن میں "آسمان کی فراری ” کے نام سے مشہور ہیں۔
پیاگو طیاروں کے انجن تیار کرنے، ان کی مرمت اور دیکھ بھال کے حوالے سے دُنیا بھر میں مشہور ہے۔ نجی ایوی ایشن طیارے کے علاوہ یہ کمپنی اٹلی کی دفاعی صنعت میں بھی اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔
ترکیہ کے وزیرِ صنعت و ٹیکنالوجی،مہمت فاتح کاچر نے اس معاہدے پر سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” یہ تعاون ترکیہ اور اٹلی کے درمیان معاشی تعلقات کومضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔”
