
ترکیہ کے ادارے ٹکا کی جانب سے پاکستان کی معروف جامع این ای ڈی ٹیکنیکل یونیورسٹی میں پاک ترکیہ میڈیا سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ترک قونصلر جنرل کراچی جمال سانگھو، ٹِکا کے سربراہ ڈورسن علی یاساگا ، ٹکا کراچی کے کوارڈینیٹر خلیل ابراہیم، این ای ڈی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر عصمت سروش لودھی اور پرو وائس چانسلر سمیت فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

ترک قونصلر جنرل کراچی جمال سانگھو نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ” جب ہم پاکستان کو اپنا بھائی کہتے ہیں، تو اِس کا مطلب ہے، ہمارے شانوں پر اپنے بھائی کی کچھ ذمہ داریاں بھی ہیں۔” اُنہوں نے مزید کہا کہ ” ترکیہ اور پاکستان 2 ملک لیکن ایک قوم ہیں۔” ترک قونصلر جنرل نے این ای ڈی ٹیکنیکل یونیورسٹی کو پاکستان میں اپنی پسندیدہ یونیورسٹی قرار دیا اور کہا کہ ” یہ یونیورسٹی ہمارے لیے ایسے ہی ہے جیسے انقرہ میں مڈل ایسٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی ہے۔””
ٹکا کے سربراہ ڈورسن علی یاساگا نے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ” پاک ترکیہ میڈیا سنٹر نہ صرف این ای ڈی کے ریموٹ پروگرامز میں مدد کرے گا، بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات میں ایک علامت بن کر بھی ابھرے گا۔”

این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عصمت سروش لودھی نے دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ٹکا کا جتنی مرتبہ شکریہ ادا کریں کم ہے، اُنہوں نے ہمارے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ ” وائس چانسلر نے ٹِکا اور ترکیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اسٹوڈیو کے افتتاح کے بعد این ای ڈی یونیورسٹی کے ڈائریکٹرپروفیسر ڈاکٹر بلال زاہد نے معزز مہمانوں سے سوال و جواب کا سیشن کیا۔تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔