ترک صدر رجب طیب ایردوان نے یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا وان ڈیر لیین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ” ترکیہ اور یورپی یونین شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے پر متفق ہیں۔” اُنہوں نے مزید کہا کہ ” ہم شام میں ایک جامع اور مستحکم حکومت کے قیام کے خواہاں ہیں۔”
واضح رہے کہ یورپی یونین کمیشن کی صدر نے ترکیہ کا دورہ کیا، اور ترک صدر رجب طیب ایردوان سے صدارتی محل انقرہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں ترک صدر نے شام کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "یورپی یونین اور ترکیہ کے تعلقات کو بعض رکن ممالک کے محدود مفادات کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔”
صدر ایردوان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں ترکیہ کے لیے ویزا پراسیس کی تیزرفتاری اور کسٹمز یونین کو اپ ڈیٹ کرنے کے فیصلوں پر بھی پیشرفت کی اُمید ظاہر کی۔
