نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اتوار کے روز پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن (PFOWA) کے زیرِ اہتمام "ہاتھوں کا ملاپ، دلوں کا اتصال” کے موضوع کے تحت منعقدہ سالانہ خیراتی بازار 2024 (Charity Bazar) کا افتتاح کیا۔
دفترِ خارجہ میں منعقدہ اس بازار میں مختلف ممالک کے ثقافتی اسٹالز پیش کیے گئے، جن کا مقصد محروم طبقات کی مدد کرنا اور مختلف ممالک کی ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر سفارتکاروں اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی، جس سے ثقافتوں کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا۔
اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ، یہ بازار اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کے لیے مختلف ممالک کی ثقافت، کھانوں اور دستکاریوں سے آشنائی حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے اور ان فلاحی مقاصد کو تقویت دیتا ہے جنہیں یہ ایسوسی ایشن آگے بڑھا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا، "آج کا بازار مختلف ثقافتوں کے دلکش امتزاج اور تجربات کا عکاس ہے، جو مختلف اقوام کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے، یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ، ہر ملک نے اپنی ثقافت، کھانوں اور دیگر منفرد اشیاء کا بہترین مظاہرہ کیا ہے، جو زائرین کے لیے ایک منفرد تجربہ ثابت ہوا۔”
اسحاق ڈار نے سفارتی برادری اور اسلام آباد کے شہریوں کا اس تقریب میں فعال شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ، اس ایونٹ کا ایک مقصد پاکستان کی سماجی، ثقافتی اور اقتصادی زندگی کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس مقصد کے تحت پی ایف او ڈبلیو اے (PFOWA) مختلف تقریبات، نمائشوں، ثقافتی شوز اور سماجی ملاقاتوں کا انعقاد کرتی ہے۔

انہوں نے رواں سال کے خیراتی بازار کے موضوع "ہاتھوں کا ملاپ، دلوں کا اتصال” کو انتہائی اہم اور موجودہ عالمی چیلنجز کے تناظر میں موزوں قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ، دنیا بھر کو درپیش مشکلات، جیسے کہ، کل ملائیشیا میں آنے والے تباہ کن سیلاب جس نے 1,40,000 سے زائد افراد کو متاثر کیا، ہمیں ایک دوسرے کے قریب آنے اور محبت و بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔
ترکیہ کا منفرد اسٹال
سالانہ خیراتی بازار فیسٹیول 2024 میں ترکیہ کے سفارتخانے کی جانب سے ترکیہ کے روایتی کھانوں اور دیگر اشیاء کا ایک منفرد اسٹال لگایا گیا۔ اِس اسٹال میں ترکیہ کے روایتی مزے مزے کے کیک ، پیسٹریاں اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔ ترکیہ کے پاکستان میں سفیر عرفان نذیر اوغلو نے اسٹال کا دورہ کیا اور سفارتخانے کی ٹیم کو سراہا۔

روایتی دستکاریوں پر مشتمل آذربائیجان کا اسٹال
آذربائیجان کے سفارتخانے کی جانب سے ثقافت کی نمائندگی کرنے کے لیے "سالانہ خیراتی بازار 2024” میں منفرد اسٹال کا اہتمام کیا گیا۔اِس اسٹال میں آذربائیجان کے سفارتی حکام کی جانب سے آذربائیجان کی روایتی دستکاریوں اور دیگر اشیاء کو شامل کیا گیا۔ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے اسٹال کا دورہ کیا اور اپنی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

خیراتی بازار کیا ہے؟
خیراتی بازار، ایک فنڈ ریزنگ ایونٹ ہوتا ہے جس میں فلاحی تنظیمیں مختلف اشیاء، جو عموماً دستکاری یا عطیہ کردہ ہوتی ہیں، فروخت کرتی ہیں تاکہ، فلاحی مقاصد کے لیے فنڈز جمع کیے جا سکیں۔ ان تقریبات کی تاریخ وکٹورین دور سے جڑی ہوئی ہے اور یہ آج بھی مختلف برادریوں میں مقبول ہیں، جنہیں اکثر سفارت خانوں یا سفارتی مشنز کے ذریعے منعقد کیا جاتا ہے۔
پاکستان میں پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن (PFOWA) ہر سال اسلام آباد میں خیراتی بازار کا انعقاد کرتی ہے، جس کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کرنا ہے۔یہ بازار ثقافتی تبادلے کا ذریعہ ہے، جو مختلف اقوام کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے۔ اسلام آباد میں موجود سفارت خانے اپنے ممالک کے ثقافتی اسٹالز لگا کر اپنی ثقافت کو اجاگر کرتے ہیں۔اس بازار کا ایک اور اہم مقصد بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنانا اور پاکستان کی سماجی، ثقافتی اور اقتصادی زندگی کے بارے میں بہتر تفہیم کو فروغ دینا ہے۔
