یوکرینی وزیرِ خارجہ اندری سیبہا نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کا دورہ کیا۔ وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے یوکرینی ہم منصب سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے روس – یوکرین جاری تنازعے، علاقائی امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے یوکرین کے وزیرِ خارجہ کو باور کروایا کہ وہ روس-یوکرین جنگ میں ثالث کا کردار ادا کریں گے۔ اُنہوں نے "یوکرین کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور آزادی ” کے لیے ترکیہ کی حمایت کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ” جنگ کی وجہ سے جیوپولیٹکل چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود یوکرین اور ترکیہ کے درمیان تعلقات دِن بدن مضبوط تر ہو رہے ہیں۔”
یوکرین کے وزیرِ خارجہ نے "یوکرین امن فارمولا”کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ، اِسے مستقل امن کاواحد حل قرار دیا، اور کہا کہ ترکیہ کا 10 مرحلوں پر مشتمل امن فارمولا بھی اِس تنازعے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
بعد میں یوکرین کے وزیرِ خارجہ صدارتی محل انقرہ میں گئے جہاں صدر ایردوان کی جانب سے اُن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ صدر ایردوان نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو اہم قرار دیا۔ صدر ایردوان نے روس یوکرین جنگ، امن کی بحالی اور یوکرین کی خود مختاری پر تبادلہ خیال کیا۔
