صدر ایردوان نے تمام علاقائی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے حملے کے منصوبے کے خلاف لبنان کے ساتھ کھڑے ہوں۔
دارالحکومت انقرہ میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ آق پارٹی کے پارلیمانی گروپ سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ غزہ کو تباہ کرنے والا اسرائیل اب لبنان پر اپنی نگاہیں جما رہا ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ مغربی طاقتیں پردے کے پیچھے اسرائیل کی حمایت کر رہی ہیں۔
صدر ایردوان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ اپنے لبنانی بھائیوں اور لبنان کی ریاست کے ساتھ کھڑا ہے اور میں خطے کے دیگر ممالک کو بھی لبنان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کے پورے خطے میں جنگ پھیلانے کا منصوبے ایک بڑی تباہی کا باعث بنے گا۔
صدر ایردوان نے کہا کہ اسلامی دنیا اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کو ان خونی منصوبوں پر سب سے پہلے ردعمل کا اظہار کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتہائی سنگین اور قابل رحم بات ہے کہ ریاستیں، جو آزادی، انسانی حقوق اور انصاف کی بات کرتی ہیں، نیتن یاہو جیسے ہٹلر کے آگے خاموش ہیں۔
صدر ایردوان نے کہا کہ غزہ کے بچوں کی جلد ہڈیوں سے چمٹی ہوئی ہے کیونکہ انہیں کھانے کے لیے کچھ میسر نہیں، یہ تصویر جدید دنیا کی شرم کی کتاب میں کندہ ہے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ یہ تصویر نہ صرف عالمی نظام کے دیوالیہ پن کی علامت کے طور پر بلکہ اسلامی دنیا کی بے چارگی کی علامت کے طور پر بھی افسوس کے ساتھ یاد رکھی جائے گی۔
