
ترک کو آپریشن اینڈ کو آرڈینیشن ایجنسی ٹکا کے کو آرڈینیٹر محسن بالچی نے گذشتہ روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سینئر نائب صدر احتشام الحق ، سیکرٹری نیئر علی اور فنانس سیکرٹری وقار عباسی سے ملاقات کی اور انہیں پریس کلب کے مختلف امور میں ٹکا کے تعاون کا یقین دلایا۔
سینئر نائب صدر این پی سی احتشام الحق ، نائب صدر و ترجمان سید ظفر ہاشمی ، جوائنٹ سیکرٹری سحرش قریشی سمیت ممبر ایگزیکٹو باڈی عامر بٹ ، خالد گردیزی ،جعفر علی بلتی بھی دورے میں موجود تھے ۔
پریس کلب آمد پر سینئر نائب صدر احتشام الحق اور سیکرٹری خزانہ وقار عباسی نے ان کا استقبال کیا۔
بعدازاں انہیں پریس کلب کا تفصیلی دورہ کرایا گیا اور انہیں کلب کے زیر اہتمام ہونے والی فلاحی اور دیگرسرگرمیوں اور صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق موجودہ باڈی کےمجوزہ منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
محسن بالچی نے این پی سی کے صدر ، سیکرٹری ، سیکرٹری خزانہ اور ایگزیکٹو اور گورننگ باڈی کے ارکان سے ملاقات کے دوران پریس کلب کی معیار اور ماحول کی تعریف کی اور پریس کلب کی بہتری اور تعمیر و ترقی کے مختلف منصوبوں میں ٹکا کے تعاون کو یقین دلایا۔
انہوں نے پریس کلب کے ساتھ مستقل ریلیشن شپ کی استواری پر بھی آماد گی کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ترک ادارہ برائے تعاون و باہمی روابط کے پاکستان میں دو دفاتر موجود ہیں اور وہ گلگت ،بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں تعلیم ، صحت اورسماجی بہبود کے شعبوں میں 50 منصوبوں کو مکمل کر چکا ہے جبکہ وہ مستقبل میں نیشنل پریس کلب کے ساتھ بھی تعاون کے لیے تیار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام کے درمیان نہایت قریبی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں ۔
ترک عوام پاکستانی عوام کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ این پی سی کے ساتھ تعاون ٹکا کے لیے باعث اعزاز ہو گا ۔
اس موقع پر این پی سی کے صدر ، سیکرٹری اور دیگرعہدیداران نے ٹکا کی جانب سے پریس کلب کے ساتھ تعاون کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس پر محسن بالچی کا شکریہ ادا کیا ۔