
شمالی عراق میں ایک حملے میں 9 ترک فوجیوں کی ہلاکت کے بعد، اعلیٰ حکام کی سکیورٹی میٹنگ کے دوران ترکیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
استنبول میں صدر ایردوان کی صدارت میں منعقدہ اجلاس کے بارے میں بتاتے ہوئے ترک کمیونیکشن ڈائریکٹر فرحتین آلتون کا کہنا تھا کہ یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ آخری دہشت گرد کو ختم نہیں کر دیا جاتا اور عراق اور شام میں دہشت گردوں کی دلدل کو مکمل طور پر ختم نہیں کر دیا جاتا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ کے دوران ترکیہ کی انسداد دہشت گردی کی حکمت عملیوں کا جائزہ لیا گیا اور شمالی عراق میں ترکیہ کے آپریشن کلاؤ لاک زون میں PKK کے دہشت گردوں کی جانب سے جمعے کو کیے گئے غدارانہ حملے کے بعد اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترکیہ نے اپریل 2022 میں PKK دہشت گرد تنظیم کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے آپریشن کلاؤ-لاک کا آغاز کیا تاکہ عراق اور ترکیہ کی سرحد کو محفوظ بنایا جا سکے۔ اس سے قبل 2020 میں شمالی عراق میں چھپے دہشت گردوں اور ترکیہ میں سرحد پار حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے لیے آپریشنز کلاؤ ٹائیگر اور کلاؤ ایگل شروع کیے گئے تھے۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ترکیہ PKK/YPG/KCK دہشت گرد تنظیم اور اس کے حامیوں کے خلاف ہمیشہ ثابت قدمی اور عزم کے ساتھ لڑا ہے تاکہ ملک کی بقا کو درپیش خطرات کو روکا جا سکے اور انہیں تباہ کیا جا سکے۔
صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کسی بھی حالت میں اپنی جنوبی سرحدوں پر دہشت گرد ریاست کے قیام کی اجازت نہیں دے گا۔
انکا کہنا تھا کہ جمعے کے حملے کے بعد شروع کی گئی ترکیہ کی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے نتیجے میں، کل 45 دہشت گردوں کو بے اثر کر دیا گیا ہے ۔
ترکیہ کے اعلیٰ حکام کا سکیورٹی اجلاس استنبول میں دولماباہ کے صدارتی دفتر میں اختتام پذیر ہوا۔
صدر ایردوان کے علاوہ اس ملاقات میں وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر داخلہ علی، قومی دفاع کے وزیر یاسر گولر، چیف آف جنرل اسٹاف گوراک، نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (ایم آئی ٹی) کے سربراہ ابراہیم قالن، کمیونیکیشن ڈائریکٹر فرحتین التون اور چیف صدارتی مشیر عاکف بھی شامل تھے۔ .
ترکیہ کے خلاف اپنی 35 سال سے زیادہ کی دہشت گردی کی مہم میں، PKK – جسے ترکیہ، امریکہ اور یورپی یونین نے دہشت گرد تنظیم کے طور پر درج کیا ہے، 40,000 سے زیادہ لوگوں کی موت کا ذمہ دار رہا ہے، جن میں خواتین، بچے اور شیرخوار شامل ہیں۔