
ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا ۔
تقریب میں ترک پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کے تحقیقاتی کمیشن کی چیئرپرسن دریا یانک، ترک پارلیمنٹ میں یورپی یونین ہم آہنگی کمیشن کے چیئرمین اور پاک ترک کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر برہان قایا ترک، تھنک ٹینک ایس ڈی ای کے صدر گورائے آلپر، دیگر ممتاز ترک شخصیات، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید نے تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر مقبوضہ وادی کی تاریخ کا سب سے المناک دن ہے۔ انہوں نے بھارتی قابض افواج کی طرف سے کشمیریوں کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم کو تفصیل سے بیان کیا اور کہا کہ کشمیری ایسے حالات میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں وہ انسانی حقوق سے محروم ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے گہرے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی جو مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور لسانی وابستگیوں اور مشترکہ تاریخ پر قائم ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان مثالی برادرانہ تعلقات کا دنیا میں گرمجوشی، گہرائی اور اتفاق رائے کے لحاظ سے کوئی مقابلہ نہیں ہے۔
ترک پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کے تحقیقاتی کمیشن کی چیئرپرسن دیر یانک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی حمایت بین الاقوامی قانون اور ضمیر کا تقاضہ ہے۔ ترکیہ نے ہمیشہ کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پُرامن حل کی حمایت کی ہے اور ہمیشہ کرتا رہے گا۔
اپنی تقریر میں انسانی حقوق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صدر ایس ڈی ای جنرل گورائے آلپر نے کہا کہ انسانی حقوق عالمگیر ہیں اور کشمیری دیگر تمام لوگوں کی طرح بنیادی انسانی حق خودارادیت کے مستحق ہیں۔