وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے لیمک ہولڈنگ بورڈ کی سربراہ ایبرو اوزدمیر نے ترکیہ میں ملاقات کی اور ملک میں تعمیراتی انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں دستیاب مواقع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پاکستان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اس سلسلے میں لیمک ہولڈنگ بورڈ کی سربراہ ایبرواوزدمیر پاکستان میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے براہ راست بات چیت کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ان کے دورے کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے میں تعاون کیلئے مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل دینا ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ترکیہ میں ملاقات کے دوران ایبرواوزدمیر نے گلوبل انجینئرنگ گرلز (جی ای جی) پراجیکٹ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
گلوبل انجینئرنگ گرلز پراجیکٹ نیکسٹ جنریشن سے متعلق خواتین انجینئرز، لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم، رہنمائی اور کیریئر کے مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
وزیر اطلاعات پاکستان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں یہ منصوبہ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی انجینئرنگ اور ریاضی میں خواتین اور لڑکیوں کو تجربہ فراہم کرے گا اور انہیں اپنا مستقبل بہتر بنانے کے قابل بنائے گا۔
