صدر رجب طیب ایردوان نے ترک صوبے دینیزلی میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا ۔

اس موقع پر ریلی کے شرکاء کو آئیندہ عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ ہم اپنے خوابوں اور مقاصد کو ترتیب دے رہے ہیں ، جو آنے والی صدی کو ترکیہ کی صدی بنائیں گے۔

صدر ایردوان نے ایک بار پھر کہا کہ ہم نے پچھلے بیس برس میں 100 برس کے برابر ترقی کی اور جمہوریت کو مضبوط بنایا ہے ۔

صدر ایردوان نے یہ بھی کہا کہ انتظامیہ نے زلزلہ متاثرہ مقامات کو ایک لمحے کے لیے بھی نظر انداز نہیں کیا اور ہمارے وزراء پہلے دن سے فیلڈ میں بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں ۔

انکا کہنا تھا کہ میں نے خود بطور ترک صدر، ہر زلزلہ متاثرہ صوبے کا دورہ کیا اور وہاں امدادی سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کی ۔ ریسکیو کرنے، زخمیوں کو طبی امداد دینے، ملبہ ہٹانے، عارضی رہائش گاہوں کا انتظام کرنے اور اب مستقل گھروں کی فراہمی ، ہر مرحلہ اپنی نگرانی میں خود مکمل کروایا۔

ہمارا مقصد ساڑھے 6 لاکھ گھروں کی فراہمی ہے جن میں سے 3 لاکھ 19 ہزار گھر ایک برس مکمل ہو جائیں گے ۔ زلزلے سے متاثرہ شہروں کو بھی جلد دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔

صدر ایردوان نے مزید کہا کہ ابھی زلزلے کو اڑھائی ماہ بھی نہیں ہوئے لیکن ہم عید الفطر کے دوسرے دن نئے تعمیر کیے ہوئے دیہاتی مکانات کی پہلی کھیپ ان کے نئے مالکان کے حوالے کریں گے۔ ان شاءاللہ ہم اپنی ریاستی قوت اور ملی یکجہتی کی مدد سے اپنی منزل پہ پہنچ جائیں گے۔

صدر ایردوان نے شہروں کو زلزلے سے محفوظ بنانے کے منصوبے کا ذکر بھی کیا ۔انکا کہنا تھا کہ ترکیہ کی عوام اور دینیزلی کے لیے ان کی خدمات 40 برس سے جاری ہیں ، انہوں نے 1984 میں اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔
