
ترکیہ غازی انتیپ میں قائم آغوش الخدمت نے بچوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرتے ہوئے خوبصورت تحائف کے ساتھ انہیں عید منانے گھر بھیج دیا۔ عید کے دن قریب آتے ہی آغوش میں رہائش پزیر بچوں کے لیے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں بچوں سمیت آغوش الخدمت غازی انتیپ کے ذمہ دار انس اعوان بھی شریک ہوئے۔ انس اعوان نے رہائش پزیر بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے اور انہیں ہنسی خوشی گھر عید منانے بھیج دیا۔
انس اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ و جدل سے متاثرہ بچوں کی تعلیم و تربیت انتہائی کھٹن کام ہے۔ جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی صحت کو برقرار رکھنا بھی ایک دشوار مرحلہ ہوتا ہے۔ تاہم مشکلات کے باوجود آغوش یہ سب خدمات بخوبی سر انجام دے رہی ہے۔
آغوش کی نئی کاوش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دینی تعلیم سے لے کر رسمی تعلیم اور پھر دوسرے ملک میں رہنے کے لیے لسانی تعلیم کے لیے ہم نے بالکل مختلف نصاب ترتیب دیا ہے جو ایسے بچوں کی تمام ضروریات کو احسن انداز میں پورا کرتا ہے۔
واضح رہے کہ آغوش الخدمت سے فارغ التحصیل بچے اب یونیورسٹیوں میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ اور معاشرے میں عام طلبا کے مقابلے میں کہیں کہیں بہتر کارکردگی بھی دکھا رہے ہیں۔