پاکستان میں ترک سفارتخانے اور ترکش کارپوریشن اینڈ کوارڈینیشن ایجنسی( ٹکا ) کی جانب سے پاکستانی امدادی ٹیموں کے لیے رمضان افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جنہوں نے 6 فروری کو ترکیہ میں آنے والے زلزلوں کے بعد ریسکیو اور امدادی کوششوں میں حصہ لیا۔
![]()
پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پچاجی، فاٹا اور مذہبی امور کے وفاقی وزیر طلحہ محمود، ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری ڈاکٹر رضوان نصیر نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی، ترکیہ میں زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے الخدمت فاونڈیشن کے رضاکاروں اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا تھا۔



عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر نے نشاندہی کی کہ دونوں ممالک ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔ انہوں نے زلزلے کے بعد پاکستان کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے، ٹکا کے اسلام آباد کوارڈینیٹر محسن بالچی نے کہا کہ اس افطار ڈنر کے ذریعے زلزلے میں ترکیہ کی مدد کرنے والی تنظیموں اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

ترک سفیر نے غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کو اعزازی اسناد پیش کی جنہوں نے زلزلے کے بعد ترکیہ میں تلاش اور بچاؤ کی سرگرمیوں اور امدادی کوششوں میں حصہ لیا۔

