گزشتہ روز برسلز میں فوجی اتحاد کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی تقریب میں فن لینڈ باضابطہ طور پر نیٹو کا 31 واں رکنی ممالک بن گیا۔ ترکیہ سمیت یورپی ممالک سے فن لینڈ کی نیٹو شمولیت پر مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔ ترک وزیر خارجہ نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ ہم فن لینڈ کو نیٹو میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں ،فن لینڈ اب اتحادی ملک کے طور پر تنظیم کے تمام عسکری و سول اداروں میں شامل ہوگا۔جرمن چانسلر اولاف شولز نے فن لینڈ کو نیٹو میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس کی رکنیت اس اتحاد کو مزید مضبوط بنائے گی۔ جرمن وزیر خارجہ نے فن لینڈ کی رکنیت کو نیٹو کے لیے ایک تاریخی دن قرار دیا۔
برطانوی حکومت نے فن لینڈ کا خیرمقدم کیا اور سویڈن کو جلد از جلد اس کی پیروی کرنے کی امید ظاہر کی۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ٹوئٹر پر لکھا، "نیٹو، فن لینڈ میں خوش آمدید! مجھے امید ہے کہ ہم اپنے سویڈش دوستوں کو بھی بہت جلد خوش آمدید کہیں گے۔”
فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا نے بھی فن لینڈ اور ان کے فن لینڈ کے ہم منصب پیکا ہاوسٹو کو ٹوئٹر پر مبارکباد دی۔
سویڈن کے وزیر خارجہ ٹوبیاس بلسٹروم نے فن لینڈ کو مبارکباد دی اور نیٹو کے ساتھ الحاق پر خوشی کا اظہار کیا۔
ہالینڈ کے وزیر خارجہ ووپک ہوئکسٹرا نے کہا کہ فن لینڈ کا نیٹو میں خیرمقدم کرنا "شاندار” ہے۔ فن لینڈ کا الحاق ہمارے اتحاد کو مزید مضبوط کرے گا۔
پولینڈ کے وزیر اعظم نے بھی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج سے یہ اتحاد 31 ممالک پر مشتمل ہے جو پوری دنیا کے لیے سلامتی کی ضمانت فراہم کرتے ہیں۔
نیٹو میں اٹلی کے مستقل مندوب نے فن لینڈ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ رکنیت آزادی اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ فن لینڈ اور نیٹو کو محفوظ بنانے کے لیے "نیٹو کے اہم کردار” کی تصدیق کرتی ہے۔
