ترکیہ کی مقامی الیکٹرک کار توگ کی پہلی دو گاڑیوں کو صدر ایردوان اور ان کی اہلیہ خاتونِ اول امینہ ایردوان کے حوالے کردیا گیا ہے۔

صدارتی محل میں پیش کی جانے والی ان دونوں کاروں کے بعد ترکیہ کی توگ گاڑیوں کی باقاعدہ ترسیل کا آغاز کردیا گیا ہے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے توگ کی صدارتی محل میں ترسیل کے موقع پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے 2019 میں اپنے قومی اور مقامی برانڈ ٹوگ کے لیے پہلا آرڈر دیا تھا جو ہمارے لیے ایک فخر کی بات ہے۔

تقریب میں اپنے خطاب میں ایردوان نے کہا کہ آج ہم اپنی قوم کے 60 سالہ خواب کی تکمیل کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی تیار کردہ توگ گاڑی صرف ترکیہ ہی میں نہیں بلکہ دنیا کی سڑکوں پر دھوڑتی ہوئی دکھائی دے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ گاڑی بڑی آرامدہ، تیزفتار ہے اور سب کچھ اس گاڑی میں موجود ہے۔

صدر ایردوان نے اپنے دوست آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف کو ترکیہ میں تیار ہونے والی پہلی مقامی الیکٹرک کار توگ تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے، یہ گاڑی آج ہی باکو روانہ کی جائے گی جہاں ترک سفارتخانہ یہ گاڑی صدر الہام علی یوف کو پیش کرے گا۔

ہمیں امید ہے کہ توگ جو کہ ترکیہ کی صدی کے ابتدائی ثمرات میں سے ایک ہے،یہ ہماری قوم کے لیے خوش آئند ثابت ہو سکتا ہے۔

توگ ہمارے ملک کی تکنیکی ترقی، اقتصادی ترقی اور عالمی وقار کی علامت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

صدر ایردوان کا مزید کہنا تھا کہ ہم انشاءاللہ آج سے توگ کو سڑکوں پر دیکھنا شروع کر رہے ہیں۔

خاتون اول امینہ ایردوان نے کہا کہ مجھے اپنے ملک پر فخر ہے۔ گاڑی استعمال کرنے میں بھی بہت آرام دہ ہے۔ آپ اس میں پرسکون محسوس کرتے ہیں۔

میں ان لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے اس گاڑی کو تیار کرنے میں کردار ادا کیا۔

یہ ایک بہت ہی عمدہ گاڑی ہے اور میں اس موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں۔

صدر ایردوان کو پہلی گاڑی حوالے کیے جانے کے بعد بڑے پیمانے پر اس گاڑی کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے اور سال کے آخر تک صارفین کو 20 ہزار گاڑیوں کی فراہمی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

															