
شہریوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی مبارکباد دیتے ہوئے صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ اس سال، ہم نے ماہ رمضان کا استقبال 6 فروری کو آنے والے زلزلوں کے غم کے ساتھ کیا، جنہوں نے ہمارے 11 صوبوں کے کئی اضلاع میں شدید تباہی اور جانی نقصان پہنچایا۔ انکا کہنا تھا کہ میں ایک بار پھر ان 50 ہزار سے زیادہ لوگوں پر اللہ کی رحمت کی دعا کرتا ہوں جنہیں اس صدی کی تباہی نے متاثر کیا ہے۔
گزشتہ ماہ جنوبی ترکیہ کو ہلا کر رکھ دینے والے بڑے زلزلوں کے بعد، صدر ایردوان نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ زلزلے سے متاثرہ تمام علاقوں کی بحالی نہیں ہو جاتی۔
صدر ایردوان نے زلزلے سے متاثرہ شہر غازینتپ میں نئے مکانات کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں پاک ترک پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے چئیر مین علی شاہین, نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی کے چئیر مین دیلوت بہیلی اور نیو ویلفئیر پارٹی کے چئیر مین فاتح اربکان بھی موجود تھے۔
صدر ایردوان نے زلزلے سے متاثرہ شہر غازینتپ میں نئے مکانات کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ ہم زلزلے سے تباہ ہونے والے اپنے تمام شہروں کے ساتھ ساتھ انکے دیہاتوں اور اضلاع کو بحال نہیں کر لیتے۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ترکیہ بھر میں خطرناک عمارتوں کی تبدیلی کے لیے جامع تیاری کی جارہی ہے، صدر ایردوان نے وعدہ کیا کہ ہم اپنے شہروں کو محفوظ، پر امن ، زلزلوں ، سیلابوں ، لینڈ سلائیڈنگ ، آگ اور دیگر تمام خطرات سے جلد از جلد محفوظ بنائیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد کل 6 لاکھ 50 ہزار مکانات کی تعمیر ہے جن میں سے 3 لاکھ 19 ہزار مکانات کو ایک سال کے اندر مکمل کرنا ہے اور انہیں زلزلہ متاثرین کے حوالے کرنا ہے۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملبے کو ہٹانے، عارضی پناہ گاہوں کی تشکیل اور مستقل رہائش گاہوں کی تعمیر سے تلاش اور بچاؤ کی کوششوں اور ہنگامی امداد کی ابتدائی ضرورت پیش آئی، صدر ایردوان نے کہا کہ اے ایف اے ڈی اور دیگر اداروں کے علاوہ، سینکڑوں بلدیات، غازینتپ میٹروپولیٹن، شاہین بے اور شیحتی کامل ضلعی میونسپلٹیوں سمیت دیگر امدادی ٹیموں نے ، زلزلے کے زون میں بہت اچھی خدمات فراہم کیں۔ میں اس موقع پر اپنے تمام میئرز اور ان کی ٹیموں کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔
صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ تقریباً 1.5 ماہ کے عرصے کے بعد ہم ایک اہم مرحلے پر پہنچ گئے ہیں۔ ہم نے تقریباً آدھا ملبہ ہٹا دیا ہے۔ ہم تمام دستیاب ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے کنٹینرز، تیار شدہ عمارتوں، خیموں کے ساتھ عارضی پناہ گاہوں کو بڑھا رہے ہیں۔
ہم ان علاقوں کی سماجی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اس کے بنیادی ڈھانچے، اکائیوں، پارکوں اور سبز علاقوں کے ساتھ پڑوس کے قیام کی سمجھ بوجھ کے ساتھ تعمیر کر رہے ہیں۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جو شہری پہلے ہفتوں میں ترکیہ کے دوسرے شہروں میں گئے تھے وہ آہستہ آہستہ اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں، صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ غیر نقصان شدہ اور قدرے تباہ شدہ مکانات آباد ہونا شروع ہو گئے ہیں، کام کی جگہیں کھلنا شروع ہو گئی ہیں، اور کارخانوں نے بھی کام کرنا شروع کر دیا ہے۔