
ترک وزارت خارجہ کے ترجمان تنجو بلجک نے یورپی یونین اور آرمینیا تعلقات کے بارے میں یورپی پارلیمنٹ کی حالیہ چناکلے رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں 1915 کے واقعات کے حوالے سے کچھ الزامات لگائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ نے 1915 کے واقعات کے بارے میں بے بنیاد الزامات کو اپنی رپورٹ میں شامل کیا ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ یہ نظریات، جو تاریخی حقائق اور بین الاقوامی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتے، کسی حیثیت کے حامل نہیں۔
انہوں نے یورپی پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے یکطرفہ اور بے بنیاد دعوؤں کو دہرانے کی بجائے سیاسی اخلاقیات اور بین الاقوامی قانون کے مطابق کام کرے۔
1915 کے واقعات پر ترکیہ کا موقف یہ ہے کہ مشرقی اناطولیہ میں آرمینیائیوں کی ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب انہوں نے حملہ آور روسیوں کا ساتھ دیا اور عثمانی افواج کے خلاف بغاوت کی۔ آرمینیائیوں کی بعد میں نقل مکانی کے نتیجے میں بے شمار ہلاکتیں ہوئیں۔
ترکیہ نے ان واقعات کو نسل کشی کے طور پر پیش کرنے پر اعتراض کیا لیکن 1915 کے واقعات کو ایک المیہ قرار دیا جس میں دونوں فریقوں کو جانی نقصان ہوا۔
ترکیہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے متعدد بار ترکیہ اور آرمینیا کے مورخین کے علاوہ بین الاقوامی ماہرین کا ایک مشترکہ کمیشن بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔