ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے پر چار ماہ سے جاری کام تکمیل کے آخری مرحلےمیں داخل ہوگیا ہے اور آنے والے چند ہفتوں میں اسے حتمی شکل دے دی جائے گی۔
یہ بات یوای اے کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت تھانی احمد الزیودی نے ترک وزیر تجارت مہمت موش کے ایک ٹویٹر پیغام کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جواب دیتے ہوئے کیا ہے۔
متوقع معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
اب دونوںبرادر اسلامی ملک برسوں کی سرد مہری کے بعد باہمی اقتصادی پل بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترکیہ کے وزیر تجارت مہمت موش نے ٹویٹر پر کہا تھا کہ ہم نے جاری مذاکرات کی موجودہ صورتحال اور معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاہے۔
جبکہ متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے تجارت نے اپنے جوابی ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ہم آنے والے ہفتوں میں معاہدےکو حتمی شکل دینے اور خطے کی سب سے اہم معیشتوں میں سے ایک کے ساتھ گہرے، زیادہ بامعنی تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات استوار کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔
الزیودی نے یہ بھی کہا ہےکہ آزاد تجارتی معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو دوگنا کرنے کی امید ہے۔
یاد رہے کہ یہ معاہدہ ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کو تقریباً 15 ارب ڈالرکا باہمی تجارتی حجم حاصل کرنے کے قابل بنائے گا۔
