حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور سینیئر رہنما فتحی حماد نے فلسطینی نوجوانوں کی تنظیم ہئیۃ شباب القدس کے زیرِ اہتمام اجلاس سے خطاب کیا۔ اس اجلاس میں چالیس عرب اور مسلم ممالک کے نوجوانوں نے شرکت کی اور یہ اجلاس ترکیہ کے شہر ، استنبول میں منعقد ہوا۔
اسماعیل ہنیہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دشمن ہمیں لڑوانے اور ہم میں پھوٹ ڈلوانے کے لیے سرکرداں ہے اور divide and rule کے منصوبے پر قائم ہے۔ مسلم نوجوانوں کو بے مقصد بحثوں میں الجھا کر متشدد اور اپنی منزل سے غافل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی فتنے کے آگے بند باندھنا امتِ مسلمہ کی ترجیحِ اول ہونا چاہیے اور نوجوانوں کے عقائد و افکار میں تفریط کا تدارک ناگزیر ہے۔
اسماعیل ہنیہ نے مزید کہا کہ 2021 کے معرکۂ سیف القدس کے نتائج خوش آئند رہے ۔ انہوں نے امتِ مسلمہ سے اپیل کی کہ غزہ اور القدس کے محاذ پر مجاہدین کی سرپرستی اور پشت پناہی کی جائے۔
