turky-urdu-logo

امریکی صدر جوبائیڈن مشرق وسطیٰ کے پہلے دورے پر اسرائیل پہنچ گئے

امریکی صدر جو بائیڈن مشرق وسطیٰ کے ممالک کے اپنے پہلے دورے کے سلسلے میں اسرائیل پہنچ گئے جہاں ان کا استقبال اسرائیلی ہم منصب اسحاق ہرزوگ اور نگراں وزیراعظم یائر لپید نے کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے مشرق وسطیٰ کے ممالک کے چار روزہ دورے کا آغاز آج اسرائیل سے کردیا جس کے بعد وہ فلسطین اور سعودی عرب بھی جائیں گے۔

جوبائیڈن اسرائیل پہنچے تو ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا اور ہوائی اڈے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے انضمام کو آگے بڑھانے اور امریکہ اسرائیل دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دوسری جانب اسرائیل کے وزیر اعظم یائر لپیڈ نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف “مضبوط عالمی اتحاد” کی تجدید پر بات چیت کریں گے۔

صدر جوبائیڈن اگلے 2 روز تک اسرائیل میں انتہائی مصروف وقت گزاریں گے جس کے دوران وہ اسرائیل کے آئرن ڈوم اور آئرن بیم فضائی دفاعی نظام کے بارے میں بریفنگ لیں گے اور جنگ عظیم دوم میں ہولوکاسٹ کے متاثرین کے لیے اسرائیل کی یادگار یاد واشم پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔

امریکی صدر جمعے کو فلسطین پہنچیں گے اور صدر محمود عباس سے ملاقات کریں گے اور اسرائیلی رہنماؤں سے ہونے والی گفتگو کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

اس کے بعد صدر جوبائیڈن سعودی عرب کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔

Read Previous

امریکہ: صدر جوبائیڈن مشرق وسطیٰ کے دورے پر روانہ، آج اسرائیل پہنچیں گے

Read Next

جوہری ہتھیاروں سے روکنے کیلئے ایران کےخلاف طاقت کا استعمال کیا جا سکتا ہے ،امریکی صدر

Leave a Reply