ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ استنبول میں ہونے والے امن مذاکرات یوکرائن میں جنگ کے خاتمے کا سب سے موثر اورتیز ترین راستہ پیش کرتے ہیں۔
ترک صدر نے ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے کے ساتھ فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں شروع ہونے والا ثالثی کا عمل ہی اس بحران پر قابو پانے کا سب سے قابل اعتماد طریقہ ہے۔ترک کمیونیکیشن ڈائریکٹوریٹ کے بیان کے مطابق صدر ایردوان نے کہا کہ انقرہ انسانی ہمدردی کی راہداریوں کے کھلا رکھنے کے معاملے پر کیف اور ماسکو کے مابین بلواسطہ رابطوں میں مصروف عمل ہے۔
دریں اثناہالینڈ کے وزیر اعظم نےترک صدر کے ساتھ گفتگو کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے جنگ زدہ یوکرین میں امن کے لئے پیشرفت اور متحارب فریقوں کے درمیان ثالثی کے لیے ترکی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ ہالینڈ یوکرین کے لیےاپنی حمایت کو مزیدبڑھانے کے لیے اپنے شراکت داروں اور اتحادیوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔
