
ترک صدر رجب طیب ایردوان نے ازبک صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور ازبکستان دوطرفہ تجارتی حجم کو 10ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔
گزشتہ برس ترکی اور ازبکستان کا تجارتی حجم 72فیصد اضافے کےساتھ 3.6ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔
دورہ تاشقند کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ رواں برس کا ہدف 5ارب ڈالر ہے جو بہت ہی قلیل وقت میں پورا ہوجائے گا ، جبکہ اگلا ہدف 10ارب ڈالر کی سطح کا ہے جو دونوں ممالک کے مشترکہ اقدامات کے نتیجہ میں حاصل ہوگا۔
ایردوان نے کہا کہ ترکی پہلا ملک تھا جس نے ازبکستان کی آزادی کو تسلیم کیا اور تاشقند میں سفارت خانہ کھولا۔ اس دوران انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تاریخ، ثقافت، زبان اور عقیدے کے مضبوط رشتوں کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی بات چیت کے نتیجے میں اپنے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو جامع اسٹریٹیجک پارٹنر شپ سطح تک فروغ دیا۔