turky-urdu-logo

ترک جنرل یاسر گلر کا دروہ پاکستان، صدر اور عسکری حکام سے ملاقاتیں

ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر نے صدر پاکستان عارف علوی اور دیگر عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں دونوں ممالک نے دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی سے ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر نے ملاقات کی جس میں تجارت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ، دونوں ممالک نے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ملاقات میں ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یرداکل بھی موجود تھے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک ترک تعلقات کو دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ،تجارت، آئی ٹی اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانا ہوگا ، پاکستان قبرص پر ترکی کی حمایت جاری رکھے گا۔صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، مسلمانوں کی نسل کشی میں بھارتی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ صدر مملکت نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرنے بالخصوص تنازعہ جموں و کشمیر ، پر ترکی کا شکریہ ادا کیا، فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن سے تجارت اور روابط کو فروغ ملے گا، جنرل یاسر گلر نے یوم پاکستان پریڈ کے کامیاب انعقاد پر صدر کو مبارکباد دی۔

جنرل یاسر گلر نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی ، آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر دوطرفہ و علاقائی سلامتی، افغانستان کی صورتحال اور دوطرفہ فوجی و دفاعی تعاون میں وسعت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان، ترکی ہر مشکل کے ساتھی، تذویراتی تعلقات کو مزید وسعت دیں گے ۔

سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سربراہ ترکش جنرل سٹاف اور ایئر آفیسر کمانڈنگ 22 گروپ رائل ایئر فورس سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے ۔

سربراہ پاک فضائیہ نے ایئر آفیسر کمانڈنگ 22 گروپ رائل ایئر فورس، ایئر وائس مارشل رچرڈ میڈیسن کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ جنرل یاسر گلر نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

Read Previous

روس یورکرین تنازع میں چین روس کی حمایت نہ کرے، نیٹو کا انتبا

Read Next

ترکی کا امریکہ سے F-35 جنگی جہاز فراہم کرنے کا مطالبہ

Leave a Reply