چناق قلعے کی جنگ آزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ترک سفارتخانے نے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔
تقریب میں ترکی کے قومی ترانے کی 101 ویں سالگرہ بھی منائی گئی۔
پاکستان کی وفاقی وزیر شیریں مزاری، پاک ترک معارف اسکول کے پرنسپل محمد ہارون، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف تقریب میں شریک ہوئے۔
ترک سفیر مصطفیٰ یرداکل نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
ترک سفیر مصطفیٰ یرداکل نے جنگ آزادی اور یوم شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکی دو ملک لیکن ایک قوم ہیں۔ دونوں ملکوں کا قومی ترانہ ایک جیسا ہے جس میں وطن سے محبت اور قربانیوں کا ذکر ہے۔ کمال اتاترک کی قربانیاں روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں،۔دونوں ملک ایک مستقبل کے نظریئے پر گامزن ہیں۔
پاک ترک معارف اسکول کے محمد ہارون کا کہنا تھا کہ آج کا دن ترک قوم کی زندگی کا اہم ترین دن ہے۔ مجھےفخر ہے کہ ترکی کی آزادی کا دن میں پاکستان میں منا رہا ہوں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ یوم شہدا ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ چناق قعلے کی نہیں بلکہ قوم کی فتح کا دن ہے۔
پاکستان کی وفاقی وزیر شیریں مزاری کا ترکی کی جنگ آزادی اور یوم شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط دوستی، بھائی چارہ اور امید قائم ہے۔شہداء کا دن منانا قوموں کی سلامتی کا ضامن ہے۔ پاکستان اور ترکی محبت کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔





