
پاکستان میں ترکی سے فارغ التحصیل طلباء کی تنظیم (ٹیولپ) کے زیر اہتمام بروز ہفتہ، جنوری 2022 کو اسلام آباد سرینا ہوٹل میں "کاروباری ترقی کے مواقع ، پاکستان – ترکی” کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر محمد شکیل منیر ، اسلام آباد میں ترک سفارت خانے کے کمرشل قونصلر جناب دیمیر احمد شاہین، چیئرمین کشمیر پریمیئر لیگ اور پاکستان کی تاجر برادری نے شرکت کی۔
پاکستان میں ترکی سے فارغ التحصیل طلباء کی تنظیم (ٹیولپ) کے چیئرمین سیف الاسلام خان نے ترکی میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ترکی میں پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستانی تاجر برادری کو چاہیے کہ وہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات اور ترکی کی کاروبار دوست معاشی پالیسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے حجم کو بڑھائے اور ترکی اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ جناب سیف الاسلام نے تمام آنے والے مہمانوں اور خاص طور پر بیرونِ ملک رہائش پذیر ترک اور متعلقہ برادریوں سے متعلق ترک ادارے (YTB) کا بھی شکریہ ادا کیا۔