پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے خطے میں امن و استحکام کے لئے ضروری ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران پر فوری قابو پایا جائے، پاکستان میں برطانوی کمشنر کرسچئن ٹرنر سے ملاقات کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ افغانستان کے انسانی بحران پر قابو پانے کے لئے امداد فراہم کی جائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ علاقائی امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ عالمی برادری انسانی بحران سے بچنے کے لئے افغانستان کی مدد کرے- معزز مہمان نے علاقائی امن بالخصوص افغان صورتحال میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
