Turkiya-Logo-top

پاکستان اور جرمنی کے درمیان 13 کروڑ یورو کے مالی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا

پاکستان میں مالیاتی ترقیاتی منصوبوں کے لیے پاکستان اور جرمنی کے درمیان 12 کروڑ 90 لاکھ یورو کے مالی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔

یہ فنڈز پاکستان میں مختلف منصوبوں کے لیے مختص کیے جائیں گے جن میں ڈیجیٹل گورننس، سماجی تحفظ، اسٹارٹ اپ کو فروغ، سولر توانائی کے استعمال میں اضافہ، نجی شعبہ صحت میں خواتین کے لیے ملازمت اور ہائیڈرو پاور اور قابل تجدید توانائی کی ترقی شامل ہے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے جرمنی کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی طویل المدتی ترقیاتی شراکت دار ہیں اور میں ترقیاتی تعاون کے 60 سال مکمل ہونے پر دونوں فریقین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

معاہدے پر دستخط سے قبل دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان ترقیاتی تعاون سے متعلق مذاکرات ہوئے۔
مذاکرات میں سیکریٹری اقتصادی امور میاں اسد حیاالدین نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ جرمن وفد کی قیادت وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی میں ایشیا کی کمشنر گیسیلا ہمرشمیت نے کی۔

مذاکراتی اجلاس میں جرمن دفتر خارجہ، کے ایف ڈبلیو، جی آئی زیڈ اور وفاقی ادارہ برائے جیو سائنسز و قدرتی وسائل (بی جی آر) کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

دونوں فریقین نے موجودہ ترقیاتی تعاون کا جائزہ لیا اور 1961 سے مختلف شعبہ جات میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مذاکرات کے نتیجے میں جرمنی کی جانب سے مستقبل میں پاکستان میں ترقیاتی تعاون کے لیے موجودہ منصوبوں میں مزید 12 کروڑ 90 لاکھ یورو شامل کرنے کا عزم کیا گیا۔

Read Previous

پاکستان نے غیر ملکی پروازوں کی آمد مکمل طور پر بحال کردی

Read Next

ترک صدر ایردوان کا آق پارٹی کے اقتدار میں 19 سال مکمل ہونے پر خصوصی پیغام

Leave a Reply