آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2021ء میں کل بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں مدِمقابل آئیں اور بھارت کے لیے یہ میچ کرو یا مرو کی سی حیثیت رکھتا تھا۔
افغانستان کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی غلط ثابت ہوا۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 210 اسکور کیے جو اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا جانے والا سب سے بڑا اسکور ہے۔ ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم 144 رنز ہی بنا سکی اور یوں بھارت کو 66 رنز فتح حاصل ہوئی۔
66 رنز سے ملنے والی یہ فتح اس لیے بھی اہم ہے کہ بھارت کو اپنا رن ریٹ مثبت کرنے کے لیے کم از کم 60 رنز سے فتح ضروری تھی۔ بھارت کی اس فتح اور افغان ٹیم کی ناقص فیلڈنگ اور باؤلنگ کو دیکھتے ہوئے ٹوئٹر پر ’ویل پیڈ انڈیا‘ ٹرینڈ کر رہا ہے۔
ٹوئٹر پر آسٹریلوی اسپورٹس جرنلسٹ ڈینس ویل نے افغانستان کرکٹ بورڈ سے متعلق ایک میم ٹوئٹ کی جس پر سوشل میڈیا صارفین نے حیرانی کا اظہار کیا۔
افغان کرکٹ بورڈ کی میم میں بھارت کے ہاتھوں افغانستان کی شکست کے بعد رد عمل دکھا یا گیا ہے۔
اس رد عمل میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بورڈ کے اکاؤنٹ سے بھارت کی فتح کے بعد ایک بیان جاری کیا گیا جس میں well paid india لکھا ہے تاہم کچھ ہی دیر بعد Paid کی جگہ Played کا لفظ استعمال کیا گیا اور غلطی کی تصحیح دکھائی گئی۔
ڈینس کی اس میم پر سوشل میڈیا صارفین اسے افغان بورڈ کا آفیشل اکاؤنٹ سے جاری پیغام سمجھ بیٹھے اور حیرانی کا اظہار کرنے لگے۔
خیال رہے کہ بھارت کی افغانستان کے خلاف حیران کن فتح پر سوشل میڈیا صارفین میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے اور میچ کے بعد سے ٹوئٹر پر جہاں میچ فکسنگ میمز وائرل ہوئیں وہیں well paid india بھی ٹرینڈ کررہا ہے۔
