ترک صدر ایردوان نے اپنے ازبک ہم منصب شوکت مرزیوئف کو 2021 کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔
ایک بیان کے مطابق، ،ترکی کے کمیونیکیشن ڈائریکٹوریٹ کا کہنا تھا کہ ایک فون کال کے دوران صدر رجب طیب ایردوان نے خواہش ظاہر کی کہ انتخابی نتائج ازبکستان کے عوام کے لیے فائدہ مند ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکی ہر شعبے میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا جس سے علاقائی سلامتی ، استحکام اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔
مرزیوئف نے 2016 میں اسلام کریموف کی وفات کے بعد اقتدار سنبھالا تھا،کریموف ازبکستان کے پہلے صدر تھےجنہوں نے 27 سال تک وسطی ایشیائی ملک پر حکومت کی تھی۔
ازبکستان کی مرکزی الیکشن کمیشن کے مطابق 24 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں 80.1فیصد ووٹ حاصل کرکے مرزیوئف دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔
کمیشن کے چیئرمین زین الدین نظام ہوکیف نے میڈیا کو بتایا کہ 1 کروڑ 60 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے 10,760 پولنگ سٹیشنوں پر اپنا ووٹ ڈالا۔
