
پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضروری اشیائے خورونوش سے لدے 17 کنٹینر ٹرک افغانستان میں طالبان کی نو تشکیل شدہ حکومت کو عطیہ کردیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق طورخم سرحد پر امدادی اشیا افغان طالبان کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک افغان تعاون فورم کے چیئرمین حبیب اللہ خان نے دیگر پاکستانی عہدیداران کے ہمراہ سامان سے لدے کنٹینرز طالبان رہنما مولوی مبارز افغانی کے حوالے کیے۔
تقریب سے خطاب میں حبیب اللہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کا مظاہرہ ایسے وقت میں کیا گیا جب جنگ زدہ اور غربت کے شکار افغانستان کے عوام کو اس طرح کی مدد کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدد اس وقت فراہم کی گئی ہے جب تقریباً تمام بین الاقوامی امدادی اداروں نے افغانستان میں اپنی امدادی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال افغانستان میں اوسط سے بھی کم بارشوں کے باعث ذرعی پیداوار بہت کم رہی ہے یہ ان اہم وجوہات میں سے ایک ہے جس کے باعث پاکستان نے افغانستان کے لوگوں کے لیے امداد فراہم کی۔
تقریب میں موجود افغان وفد نے بروقت اشیائے خورونوش کی امداد پہنچانے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔