turky-urdu-logo

پاکستان، افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کا حامی ہے، پاکستانی وزیرخارجہ

پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ پاکستان، افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کا حامی ہے،کابل میں جاری مذاکرات کی کامیابی، افغانستان میں دیرپا امن کیلئے ناگزیر ہے، افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے عالمی برادری کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے یہ بات یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی، بات چیت میں افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور علاقائی امن و امان کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا، وزیرخارجہ نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ کو بتایا کہ ان کی جرمنی، ہالینڈ، بیلجیئم اور ڈنمارک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ، افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا اورانہیں خوشی ہے کہ افغانستان کے حوالے سے ہمارے نکتہ نظر میں ہم آہنگی پائی گئی۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان، افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کا حامی ہے، موجودہ حالات کے تناظر میں، ہم چاہتے ہیں کہ افغان شہریوں کی جان و مال اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ موجودہ قیادت کی جانب سے منظر عام پر آنے والے حالیہ بیانات حوصلہ افزا ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کابل میں جاری مذاکرات کی کامیابی، افغانستان میں دیرپا امن کیلئے ناگزیر ہے، افغانستان میں قیام امن نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اورضرورت اس امر کی ہے کہ 90 کی دہائی کی صورتحال سے بچنے کیلئے، افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے، اس نازک موڑ پر افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے عالمی برادری کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان، افغانستان سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کے انخلاء میں بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے،اس سلسلے میں یورپی یونین کو بھی ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جلد خطے کے اہم ممالک کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں تاکہ افغانستان کی موجودہ صورتحال،درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھا جا سکے۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور یورپی یونین کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے۔

Read Previous

بھارت پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال کرنے سے باز رہے، گلبدین حکمت یار کی بھارت کو وارننگ

Read Next

کابل ائیرپورٹ پر افراتفری کے نتیجے میں مزید 7 افراد جاں بحق؛ برطانوی فوج

Leave a Reply