turky-urdu-logo

یورپی اراکین پارلیمنٹ کا مقبوضہ جموں وکشمیر کی انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر اظہار تشویش

16یورپی اراکین پارلیمنٹ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر یورپی کمیشن کو خط لکھا ہے اور کمیشن پراس معاملے پر اپنی آواز بلند کرنے پر زوردیا ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈیر لیین اور نائب صدر جوزف بوریل کے نام خط میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کو “عالمی انسانی حقوق ، بنیادی آزادیوں اور اصولوںپر مبنی بین الاقوامی نظام ” کے چیمپئن کی حیثیت سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اپنی آواز بلند کرنی چاہیے جن سے کشمیری عوام بری طرح متاثرہورہے ہیں۔ خط میں کہاگیا ہے کہ یورپی یونین کو اپنے تمام بھارتی اور پاکستانی شراکت داروں کے تعاون سے عالمی برادری کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدے کوپوراکرنے اورجموں وکشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے اپنا اثر ورسوخ استعمال کرنا چاہیے ۔

یورپی اراکین پارلیمنٹ نے پاکستانی اور بھارتی قانون سازوں کے ساتھ ساتھ کشمیری رہنمائوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا تاکہ خطے میں امن و مذاکرات کیلئے سازگار ماحول کے قیام کیلئے ان پر زوردیاجاسکے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ کشمیریوں کواپنے مستقبل کے تعین کا حق دیا جانا چاہیے ۔

یورپی قانون سازوں نے خط میں یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈیر لیین اور نائب صدر جوزف بوریل پرزوردیا کہ وہ بھارتی حکومت کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کی خلاف ورزیوں پراپنی شدید تشویش سے آگاہ کریں اور خطے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا سخت نوٹس لیں، بھارت ، پاکستان اور کشمیری قیادت کے درمیان مذاکرات کے ذریعے خطے میں ا من و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اہم مقصد کیلئے یورپی کمیشن کی صدر ان کا بھرپور ساتھ دیں گی

Read Previous

افغانستان نیشنل ڈیفنس کے آپریشن کے دوران 131 طالبان مارے گئے

Read Next

ٹوکیو اولمپکس:ترک ویمن والی بال ٹیم پہلی بار کوارٹرز میں پہچنے میں کامیاب

Leave a Reply