
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے 15 ہزار کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پاکستان ان ممالک کی فہرست میں 30ویں نمبر پر آگیا جہاں کورونا وبا کے پھیلاؤ سے اب تک سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک میں اب تک 9 لاکھ 91 ہزار 727 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ بھارت میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد اور امریکا میں سب سے زیادہ یعنی 3 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ کیسز کی تعداد میں سب سے خطرناک بات کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کی موجودگی ہے اور ایک مرتبہ پھر کووِڈ سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد کی اپیل کی۔
ملک میں وائرس کی چوتھی لہر کے خدشے کے پیشِ نظر پی ایم اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ ذمہ دار شہری بنیں اور اپنے آپ کو اور دوسروں کو عالمی وبا کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک 19 کروڑ سے زائد افراد کووِڈ 19 سے متاثر ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر کا کووِڈ ڈیٹا مرتب کرنے والی ورلڈ میٹرز انفو نامی ویب سائٹ کے مطابق برازیل ایک کروڑ 90 لاکھ کیسز کے ساتھ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا تیسرا ملک ہے جبکہ فرانس، ترکی اور برطانیہ میں 50، 50 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔
ممالک کی فہرست میں 35 لاکھ کورونا کیسز کے ساتھ ایران تیرہویں، انڈونیشیا 28 لاکھ کیسز کے ساتھ پندرہویں، بنگلہ دیش 11 لاکھ سے زائد کیسز کے ساتھ چھبیسویں اور متحدہ عرب امارات 6 لاکھ 60 ہزار کیسز کے ساتھ چالیسیوں اور سعودی عرب 5 لاکھ کیسز کے ساتھ پینتالیسویں نمبر پر موجود ہے۔