turky-urdu-logo

آذربائیجان کے ریئر ایڈمیرل سبحان باکیورو کی پاکستان چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات

کمانڈر آذربائیجان نیول فورسز رئیر ایڈمرل سبحان باکیورو نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر کمانڈر آذربائیجان نیول فورسز کا استقبال کیا۔

پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعدازاں ، معزز مہمان نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈکوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے اُن کا تعارف کروایا گیا۔

بعدازاں، کمانڈر آذربائیجان نیول فورسز نے امیرالبحر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ تعاون اور ریجنل سیکیورٹی کے معاملات زیرِ بحث آئے۔

معزز مہمان نے خطے کی مشترکہ بحری سیکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات اور عزم کو سراہا۔ دونوں معززین نے مختلف بحری جہتوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر رضامندی کا اظہار کیا۔
معزز مہمان کو پاک بحریہ کے کردار، مقاصد اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کاوشوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ معزز مہمان پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز سے ملاقاتوں اور پاک بحریہ کے تربیتی اداروں کے دورے کے لیے کراچی اور لاہور بھی جائیں گے۔

کمانڈر آذربائیجان نیول فورسز کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین بالعموم اور دونوں بحری افواج کے مابین بالخصوص باہمی تعاون کے فروغ کا باعث بنے گا۔

Read Previous

پاکستان: ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 65 ہو گئی

Read Next

پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے کینیڈا میں پاکستانی خاندان کے قتل کی شدید مذمت کی

Leave a Reply