turky-urdu-logo

غزہ پر اسرائیلی بمباری سے 35 فلسطینی شہید ، سیکڑوں زخمی

غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ نہ رک سکا ۔شہید فلسطینیوں کی تعداد 35 ہو گئی جبکہ 1000 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطین میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے باعث درجنوں عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 35 ہو گئی ہے جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حماس کی جانب سے بھی اسرائیل پر جوابی راکٹ برسائے گئے جس کے نتیجے میں 3 اسرائیلی ہلاک اور 70 کے قریب زخمی ہو گئے۔
حماس کے رہنماوں کی جانب سے اسرائیل پر 100 سے زائد راکٹ حملوں کا دعوی کیا گیا ہے اور حماس نے راکٹ حملوں کو غزہ کی 13 منزلہ رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملےکا جواب قرار دیا ہے۔
فلسطینی تنظیم حماس کی بمباری سے اشکیلون میں اسرائیل کی تیل کی پائپ لائن تباہ ہو گئی جبکہ اسرائیل میں شہریوں کو بنکر کے قریب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسرائیل کے وزیر دفاع نے دھمکی دی ہے کہ غزہ پر فضائی حملے محض آغاز ہے، مزید کئی اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کا اسرائیلی وزیر دفاع کی دھمکی کے ردعمل میں کہنا تھا کہ اسرائیل کشیدگی میں اضافہ یا خاتمہ جو بھی چاہتا ہے فلسطینی دونوں کے لیے تیار ہیں۔
ادھر اسرائیل کے شہر لد میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے، یہودی شدت پسندوں نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی جس کے باعث اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے لد میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

Read Previous

فسلطینیوں کے خلاف پوری طاقت استعمال کریں گے، اسرائیلی وزیراعظم کی دھمکی

Read Next

فلسطینیوں نے راکٹ کیسے تیار کیا ؟

Leave a Reply